افواجِ پاکستان ہمارا فخر ہیں، بھارت کے خلاف جیت پوری قوم کی فتح ہے۔ حافظ عبدالحمید عامر
جہلم (محمد زاہد خورشید) معروف مذہبی و سماجی رہنما حافظ عبدالحمید عامر نے پاک فوج کے ساتھ یکجہتی کا بھرپور اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ افواجِ پاکستان ہماری بقا، سلامتی اور خودداری کی علامت ہیں۔ انہوں نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں پاکستان کی شاندار دفاعی حکمتِ عملی اور بھارت کے مقابلے میں حاصل کی گئی کامیابی پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ جیت صرف عسکری سطح پر نہیں، بلکہ نظریاتی اور اخلاقی محاذ پر بھی دشمن کی شکست ہے۔ حافظ عبدالحمید عامر نے اپنے بیان میں کہا: "پاک فوج نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ نہ صرف سرحدوں کی محافظ ہے، بلکہ دشمن کے ہر ناپاک ارادے کو خاک میں ملانے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ بھارت کو ملی ہزیمت دراصل اللہ کے فضل، قوم کی دعاؤں اور ہماری بہادر فوج کی جرات کا نتیجہ ہے۔” انہوں نے ان عناصر کو بھی سخت تنقید کا نشانہ بنایا جو فوج کے خلاف بیانیہ پھیلاتے ہیں۔ "جو لوگ افواجِ پاکستان پر تنقید کرتے ہیں، وہ دراصل دشمن کے ایجنڈے کو تقویت دے رہے ہیں۔ ہمیں ایسے فتنوں سے ہوشیار رہنا ہو گا۔” بیان کے آخر میں حافظ عبدالحمید عامر نے پوری قوم سے اپیل کی کہ وہ اتحاد، ایمان اور قربانی کے جذبے سے سرشار ہو کر وطن عزیز کا دفاع کرے۔ "ہماری فوج زندہ ہے، تو پاکستان زندہ ہے!” یہ بیان عوامی حلقوں میں بے حد مقبول ہو رہا ہے اور سوشل میڈیا پر بھی محب وطن حلقے اس کی خوب پذیرائی کر رہے ہیں۔