
جہلم (اقبال خان) جہلم کے سپیشل بچے قومی ہیرو بن گئے!نیشنل گیمز میں اعلیٰ کارکردگی، ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے فاتح بچوں کو میڈل پہنائے. نیشنل گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے القاسم انسٹی ٹیوٹ آف سپیشل ایجوکیشن کے سپیشل بچے ضلع جہلم کا فخر بن گئے۔ ان بچوں نے ثابت کیا کہ بظاہر معذوری ان کے راستے میں رکاوٹ نہیں بن سکی بلکہ انہوں نے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر خود کو قابل فخر بنایا۔
ڈپٹی کمشنر آفس جہلم میں ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے فاتح بچوں کو ان کے میڈل پہنائے اور انہیں دل کھول کر شاباش دی۔ڈپٹی کمشنر نے القاسم انسٹی ٹیوٹ کی انتظامیہ اور طلبا کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے معاشرے کا روشن چہرہ ہیں، جنہوں نے نہ صرف اپنی مجبوری کو طاقت بنایا بلکہ دوسروں کے لیے بھی مثال قائم کی۔ انہوں نے ادارے کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا جس کی بدولت یہ بچے قومی سطح پر کامیابیاں حاصل کر سکے۔ان بچوں کی شاندار کامیابی نے ضلع جہلم کے لیے ایک عزت اور فخر کا مقام پیدا کیا ہے۔ القاسم انسٹیٹیوٹ کی انتظامیہ نے ڈپٹی کمشنر جہلم کی جانب سے ادارے اور طلبہ کی حوصلہ افزائی کرنے پر شکریہ ادا کیا۔