جہلم گراں فروشوں کو جیل بھیجیں اور دکانیں سیل کریں، ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کا سخت حکم

0

جہلم ۔(اقبال خان) ​گراں فروشوں کو جیل بھیجیں اور دکانیں سیل کریں، ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کا سخت حکم، تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیرِ صدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع بھر میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور گراں فروشوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کا حکم دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے مجسٹریٹس کو واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ فوری طور پر دفاتر سے نکل کر فیلڈ میں متحرک ہوں اور مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے عناصر کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہ برتیں۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ اب محض جرمانے کافی نہیں ہوں گے بلکہ جو عناصر شہریوں کو ریلیف دینے میں رکاوٹ بن رہے ہیں اور مقررہ نرخوں کی خلاف ورزی کر رہے ہیں انہیں براہِ راست جیل بھیجا جائے اور ان کی دکانیں فوری طور پر سیل کر دی جائیں۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ تمام دکاندار سرکاری نرخ نامے اپنی دکانوں پر نمایاں جگہ پر آویزاں کرنے کے پابند ہوں گے اور اس قانون کی خلاف ورزی پر موقع پر ہی ایکشن لیا جائے گا۔ شہری گراں فروشی، ذخیرہ اندوزی یا نرخ ناموں کی عدم موجودگی کی صورت میں ضلعی شکایات سیل کے نمبر 9270256-0544 پر رابطہ کر سکتے ہیں جس پر انتظامیہ کی جانب سے فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.