ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل علیزہ ریحان اور تمام اسسٹنٹ کمشنرز نے ضلع بھر کے امتحانی مراکز کا تفصیلی معائنہ کیا
جہلم (اقبال خان) حکومت پنجاب کی تعلیمی پالیسی اور ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایت پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل علیزہ ریحان اور تمام اسسٹنٹ کمشنرز نے ضلع بھر کے امتحانی مراکز کا تفصیلی معائنہ کیا۔ ان دوروں کا بنیادی مقصد ریاضی کے پرچے کے دوران کیلکولیٹر اور ضروری اسٹیشنری کے علاوہ کسی بھی قسم کے غیر متعلقہ آلات یا منقولہ مواد کی موجودگی کو چیک کرنا تھا تاکہ امتحانی عمل میں شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جا سکے۔
مانیٹرنگ کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل علیزہ ریحان اور اسسٹنٹ کمشنرز نے طلبہ کی تلاشی کے عمل کا جائزہ لیا اور امتحانی عملہ کو ہدایت کی کہ موبائل فون، ڈیجیٹل ڈیوائسز یا کسی بھی قسم کی غیر ضروری اشیاء امتحانی ہال کے اندر لانے کی ہرگز اجازت نہ دی جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ مراکز میں بنیادی سہولیات بشمول صفائی ستھرائی اور طلبہ کے لیے پینے کے صاف پانی کے انتظامات کا بھی معائنہ کیا گیا تاکہ امیدواروں کو ایک سازگار ماحول میسر آ سکے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیرِ نگرانی ضلعی انتظامیہ امتحانی مراکز کی کڑی نگرانی کر رہی ہے تاکہ نقل کے کلچر کا خاتمہ کیا جا سکے۔ انتظامیہ نے واضح کیا کہ شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور میرٹ کی بالادستی قائم رکھنے کے لیے غیر قانونی ذرائع استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔