ضلع جہلم میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے مریم کی دستک پروگرام کا آغاز، 47 درخواستیں موصول، بیشتر پر کارروائی مکمل

جہلم( اقبال خان ): ضلع جہلم میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے مریم کی دستک پروگرام کا آغاز، 47 درخواستیں موصول، بیشتر پر کارروائی مکمل۔
وزیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر پبلک سروس ڈلیوری کو مزید بہتر بنانے کیلئے ضلع جہلم میں مریم کی دستک پروگرام کا آغاز کردیا گیا، شہری "دستک” پیلپ لائن 1202 ، دستک ایپ یا ویب پورٹل dastak.punjab.gov.pk کے ذریعے 32 سے زائد سروسز کی گھر کی دہلیز پر حاصل کرسکتے ہیں۔ یہ بات ڈپٹی کمشنر محمد میثم عباس نے مریم کی دستک پروگرام کے حوالے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ڈپٹی کمشنر محمد میثم عباس نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے عین مطابق پی آئی ٹی بی کی وضع کردہ دستک ایپ اور ویب پورٹل کے ذریعے ڈومیسائل، برتھ سرٹیفکیٹ، ایف آئی آر کی کاپی، نکاح سرٹیفکیٹ، لرنر ڈرائیونگ لائسنس، ای سٹیمپنگ، موٹر وہیکل ٹرانسفر اور انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید جیسی 32 سے زائد خدمات گھر بیٹھے حاصل کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے افسران کو بھی ہدایات جاری کی ہیں کہ وزیر اعلی پنجاب کے اس پروگرام کے تحت سروسز کی فراہمی تیز ترین اور شفاف بنائی جائے اور اس ضمن میں غفلت یا کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام فیسیلیٹیٹر ز کو اسپیشل شناختی کارڈ اور اتھارٹی لیٹر جاری کی جائے گے۔ ضلع جہلم میں 14 اکتوبر سے اس پروگرام کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے اور ابھی تک 47 درخواستیں موصول ہوئی ہیں، جن میں سے بیشتر درخواستوں پر کارروائی مکمل کر لی گئی ہے۔