ضلعی انتظامیہ جہلم نے عید الفطر کے موقع پر عوام کو سفری سہولیات میں آسانی فراہم کرنے کے لیے سرکاری کرایہ نامہ جاری کر دیا ہے جس پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس
جہلم(اقبال خان ): ضلعی انتظامیہ جہلم نے عید الفطر کے موقع پر عوام کو سفری سہولیات میں آسانی فراہم کرنے کے لیے سرکاری کرایہ نامہ جاری کر دیا ہے جس پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر جہلم شمس الرحمان نے جنرل بس اسٹینڈ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے گاڑیوں کی فٹنس چیک کی اور کرایوں کی نگرانی کی۔ عوامی شکایات پر کارروائی کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر نے لاری اڈا پر زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی، کراچی جانے والی ایک بس کے ڈرائیور کو زائد کرایہ لینے پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا جبکہ گاڑی کو بند کر دیا گیا۔ لاری اڈا اور دیگر بس اسٹینڈز پر سرکاری کرایہ نامہ کے فلیکس آویزاں کر دیے گئے ہیں تاکہ عوام کو آگاہی فراہم کی جا سکے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے کہا کہ سرکاری کرایہ نامہ پر سختی سے عملدرآمد کروایا جا رہا ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسافروں کی سہولت کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں اور کسی کو زائد کرایہ وصول کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔