اسلام آباد
بجلی پر زیادہ ریلیف ملنا چاہیے تھا، حافظ نعیم الرحمٰن کا پٹرول کی قیمت بھی کم کرنے کا مطالبہ
امیرِ جماعتِ اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمتوں میں زیادہ ریلیف ملنا چاہیے تھا، 7 اپریل کو مشاورت کے بعد ایک لائحہ عمل کا اعلان کروں گا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ بجلی قیمتوں میں کمی کا خیر مقدم کرتے ہیں مگر یہ آغاز ہے اختتام نہیں ہے، دوسری طرف عالمی مارکیٹ میں پیٹرول کی قیمت میں گزشتہ روز بھی 7 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے، تیل کی قیمت 5،6 سال کی کم ترین سطح پر آگئی ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہاکہ ہمارے ہاں قیمت کو کم نہیں کیا جارہا بلکہ ایک طرف پٹرول کی قیمت، پھر اس پر ٹیکس اور پھر ایک لیوی جو پہلے 60 روپے تھی، پھر 70 روپے کردی اور اب کہتے ہیں 80 روپے کریں گے، اس طرح تو آپ ایک ہاتھ دیکر دوسرے سے لینے کی بات کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب تک پٹرول سستا نہیں ہوگا، جب تک بجلی کی قیمت مزید کم نہیں ہوگی، تو صنعتیں کیسے چلیں گی اور عام آدمی کیسے پنپ سکے گا۔
ماضی میں جو کچھ ہوتا رہا اس میں ہر حکومت شامل رہی، ن لیگ، پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم سمیت تمام حکومتوں نے آئی پی پیز کو مدد فراہم کی، پاکستان کے ساتھ کھلواڑ کرے والوں کو قوم کے سامنے لانا پڑےگا۔
انہوں نے کہاکہ جاگیر دار طبقہ خود اپنی مراعات میں اضافہ کر رہا ہے، عام آدمی اور تنخواہ دار لوگ سب سے بڑے ٹیکس دہندہ ہیں۔