اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ بھی فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی ہے۔ حافظ عبدالحمید عامر

0

 

 

اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ بھی فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی ہے۔ حافظ عبدالحمید عامر
مرکزی جمعیت اہل حدیث ضلع جہلم اور تحریک خدام اہل سنت ضلع جہلم کی مشترکہ پرامن اور کامیاب ریلی
جہلم (محمد زاہد خورشید) اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ بھی فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی ہے، ان خیالات کا اظہار جامعہ علوم اثریہ جہلم کے مہتمم اور مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے نائب امیر حافظ عبدالحمید عامر نے غزہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل اور اس کے حمایتی گماشتے فلسطینی عوام پر جو ظلم کر رہے ہیں، تاریخ اس جبر و درندگی اور فلسطینی لوگوں کے صبر و استقلال کو ہمیشہ یاد رکھے گی، کیا ہی وہ صابر و شاکر لوگ ہیں کہ جو اس ظلم کے باوجود تہیہ کیے ہوئے ہیں کہ فلسطین ہمارا وطن ہے، مر جائیں گے، کٹ جائیں گے اور اپنی نسلوں کی قربانی دیں لیں گے، مگر میدان سے بھاگنے والے ہم نہیں،پیٹھ پھیر کر بھاگ جانا ویسے بھی ہمارے اسلاف کی تاریخ نہیں، یہ جذبات ان کا بچہ بچہ رکھتا ہے۔ مزید انہوں نے کہا کہ اسرائیلی کے خلاف ہم اپنے حصے کا کام یہ ضرور کر سکتے ہیں کہ ان کی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کریں اور اپنی بے بسی کا اظہار دعاؤں میں کریں کہ الٰہی! ہم مجبور ہیں، مگر اس ظلم و جبر کا درد اخوت ایمانی کے رشتہ کے مطابق محسوس کر رہے ہیں۔جامعہ حنفیہ تعلیم الاسلام کے مہتمم مولانا قاری ابوبکر صدیق نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی طرف سے نہتے فلسطینیوں پر جو ظلم کے پہاڑ ڈھائے جا رہے ہیں، اب ان مظالم پر خاموشی اختیار کرنا گناہ ہے اور ایمانی حمیت و غیرت کے سرا سر خلاف ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ اہل فکر و دانش مل کر کوئی متفقہ اور مؤثر لائحہ عمل بنائیں جس سے فلسطین پر ظلم کو روکا جا سکے، انہوں نے مزید کہا: سچی بات ہے کہ جب بھی اہل غزہ پر ظلم کی کوئی خبر سنتے ہیں یا کوئی ویڈیو آنکھوں کے سامنے سے گزرتی ہے تو دل خون کے آنسو روتا ہے اور اپنی بے بسی دیکھ کر خود سے بھی منہ چھپانے کو جی چاہتا ہے، لیکن اپنے ضمیر کو مطمئن کرنے کے لیے ہمیں لازمی طور پر اپنے حصے کا کام کرنا چاہئے۔ریلی نماز جمعہ کے فوراً بعد چوک اہل حدیث سے شروع ہو کر گنبد والی مسجد پہنچی تو وہاں ایک قافلہ احتجاجی مظاہرہ میں شریک ہوا، بعد ازاں! ریلی شاندار چوک سے اقبال لائبریری روڈ سے ہوتی ہوئی سول لائن روڈ گنبد والی مسجد کے پاس اختتام پذیر ہوئی۔ وہاں جلسہ میں قائدین نے بڑے مؤثر اور پرجوش خطابات کیے،قاری محمد اظہر اقبال نے اہل سنت والجماعت جہلم، چوہدری محمد شعیب نے انجمن تاجران اور محمد شکیل بھٹہ نے بار کونسل کی نمائندگی کرتے ہوئے خطابات کیے۔آخر میں شیخ الحدیث جامعہ حنفیہ مولانا ظفر اقبال نے فلسطینی عوام کے لیے دعا کی،اس ریلی میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.