ممتاز کاروباری شخصیت اونر ڈی مارٹ امجد محمود سیٹھی اور برطانیہ میں مقیم انکے برادر حقیقی فرحت محمود سیٹھی نے 2 عدد الیکٹرک واٹر کولر گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول دینہ کو عطیہ کیے
دینہ(اقبال خان )دینہ شہر میں قائم لڑکیوں کی تعلیم کے سب سے بڑے سرکاری ادارے گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول منگلا روڈ دینہ میں طالبات کیلئے پینے کے ٹھنڈے پانی کے بساط بھر انتظامات اگرچہ سکول انتظامیہ نے سول سوسائٹی کے تعاون سے کر رکھے تھے مگر 1100 سے زائد طالبات کیلئے مختلف بلاکس پر مشتمل وسیع و عریض عمارت میں تمام طالبات کیلئے پانی کا حصول ایک کار دشوار ضرور تھا – طالبات کی پریشانی دیکھتے ہوئے سکول انتظامیہ کی پکار پر لبیک کہتے ہوئے ممتاز کاروباری شخصیت اونر ڈی مارٹ امجد محمود سیٹھی اور برطانیہ میں مقیم انکے برادر حقیقی فرحت محمود سیٹھی نے 112000 روپے کی خطیر رقم سے 2 عدد الیکٹرک واٹر کولر اپنے والدین اور ساس سسر کی ارواح کے ایصال ثواب کیلئے عطیہ کرکے طالبات کو پانی کے حصول میں درپیش مسئلہ بخوبی حل کردیا – اس موقع پر ایک سادہ اور مختصر سی دعائیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پرنسپل سکول ہذا ، امجد محمود سیٹھی، فرحت محمود سیٹھی،صدر دینہ پریس کلب سید توقیر آصف شاہ، سینئر صحافی رضوان سیٹھی، سہیل انجم قریشی ، اقبال خان اور حاجی اظہر چوہدری نے خصوصی شرکت کی – اس موقع پر پرنسپل سکول ہذا نے عطیہ کندگان امجد محمود سیٹھی اور فرحت محمود سیٹھی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے چند ماہ قبل کیا ہوا اپنا وعدہ نہایت ہی مختصر سی مدت میں پورا کر دکھایا ہے جس پر ہم ان کے تہہ دل سے مشکور ہیں ، امجد محمود سیٹھی اور فرحت محمود سیٹھی نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ آئندہ بھی سکول میں کسی قسم کی مزید سہولیات کے حصول کیلئے ہماری خدمات حاضر ہیں –