کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک کا جہلم شہر کا دورہ تحصیل روڈ پر ماڈل بازار کی جاری بیوٹیفیکیشن اور ترقیاتی اسکیم کے کاموں کا تفصیلی معائنہ
جہلم(اقبال خان) وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق شہروں کی خوبصورتی اور جدید عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے ضلعی انتظامیہ جہلم پوری طرح متحرک ہے۔ اس سلسلے میں کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے جہلم شہر کا دورہ کیا اور وہاں تحصیل روڈ پر ماڈل بازار کی جاری بیوٹیفیکیشن اور ترقیاتی اسکیم کے کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سنیہ صافی بھی ان کے ہمراہ تھیں۔
اسسٹنٹ کمشنر جہلم آفتاب اشرف نے کمشنر راولپنڈی کو جاری تعمیراتی کام، ڈیزائن اور بیوٹیفیکیشن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک نے بریفنگ کے بعد موقع پر جاری ترقیاتی کام کے معیار کو چیک کیا اور متعلقہ ٹھیکیداروں کو سخت ہدایت کی کہ منصوبے کو ڈیزائن کے مطابق خوبصورت بنایا جائے اور میٹریل کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہر کی خوبصورتی کے منصوبوں میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحصیل روڈ پر ماڈل بازار کی تعمیر و تزئین سے شہریوں کو خریداری کے لیے ایک پرسکون اور دلکش ماحول میسر آئے گا، جس سے نہ صرف علاقے کے حسن میں اضافہ ہوگا بلکہ ٹریفک کے مسائل میں بھی کمی آئے گی۔ انتظامیہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں شہر کے انفراسٹرکچر کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ شہریوں کو عالمی معیار کی سہولیات میسر آ سکیں۔