جہلم(اقبال خان) کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال جہلم کا دورہ کیا اور وہاں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سنیہ صافی اور محکمہ صحت کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ کمشنر راولپنڈی نے ایمرجنسی وارڈ، او پی ڈی، انڈور وارڈز اور فارمیسی کا معائنہ کیا اور ادویات کے اسٹاک کی دستیابی کا ریکارڈ چیک کیا۔
کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مفت ادویات کی بلا تعطل فراہمی اور صفائی ستھرائی کے نظام کو مثالی بنایا جائے۔ انہوں نے ڈیوٹی روسٹر کے مطابق طبی و نیم طبی عملے کی سو فیصد حاضری یقینی بنانے پر زور دیا اور واضح کیا کہ علاج معالجے کی فراہمی میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے ہسپتال میں موجود طبی آلات اور مشینری کی ورکنگ کنڈیشن کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام تشخیصی مشینری فعال حالت میں ہونی چاہیے تاکہ شہریوں کو تمام طبی ٹیسٹ ہسپتال کے اندر ہی میسر ہوں اور انہیں نجی لیبارٹریوں کا رخ نہ کرنا پڑے۔ انتظامیہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق سرکاری ہسپتالوں میں بہترین علاج اور ادویات کی فراہمی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔