تحصیل دینہ میں ڈی ایس پی آفس کی عدم موجودگی عوام کے لیے ایک اہم انتظامی مسئلہ بن چکی ہے،ڈی پی او جہلم سے فوری نوٹس کا مطالبہ

0

دینہ (محمد اقبال)تحصیل دینہ میں ڈی ایس پی آفس کی عدم موجودگی عوام کے لیے ایک اہم انتظامی مسئلہ بن چکی ہے۔ ڈی پی او جہلم سے فوری نوٹس کا مطالبہ شہریوں کا کہنا ہے کہ کسی بھی تحصیل میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے اور پولیس امور کو مؤثر انداز میں چلانے کے لیے ڈی ایس پی کا ہونا انتہائی ضروری ہوتا ہے، مگر افسوس کہ دینہ میں تاحال ڈی ایس پی آفس قائم نہیں کیا جا سکا۔

اہلِ علاقہ کے مطابق معمولی نوعیت کے مسائل سے لے کر سنگین نوعیت کے معاملات تک کے لیے لوگوں کو جہلم جانا پڑتا ہے، جس سے نہ صرف وقت کا ضیاع ہوتا ہے بلکہ شہریوں کو اضافی مالی بوجھ بھی برداشت کرنا پڑتا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی آبادی اور جرائم کے پیش نظر دینہ جیسے اہم علاقے میں ڈی ایس پی آفس کا قیام ناگزیر ہو چکا ہے۔

مقامی حلقوں کا کہنا ہے کہ تحصیل کا درجہ حاصل ہونے کے باوجود اگر بنیادی سکیورٹی اور انتظامی ڈھانچہ ہی مکمل نہ ہو تو اس کا براہِ راست نقصان عوام کو اٹھانا پڑتا ہے۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ دینہ میں فوری طور پر ڈی ایس پی آفس قائم کیا جائے تاکہ پولیس نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے اور عوام کو ریلیف مل سکے۔

اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ یہ مسئلہ کافی عرصے سے توجہ طلب ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ متعلقہ ادارے اس اہم معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے جلد مثبت پیش رفت کریں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.