تحصیل دینہ میں ریلوے سہولیات کی عدم دستیابی شہریوں کے لیے ایک مسلسل اذیت بن چکی ہے،وزیر مملکت بلال اظہر کیانی سے نوٹس کا مطالبہ
دینہ (ظہور احمد شاہ)تحصیل دینہ میں ریلوے سہولیات کی عدم دستیابی شہریوں کے لیے ایک مسلسل اذیت بن چکی ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ دینہ جیسے اہم اور گنجان آباد علاقے میں ٹرینوں کے مناسب اسٹاپ نہ ہونے کے باعث عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔وزیر مملکت بلال اظہر کیانی سے نوٹس کا مطالبہ
شہریوں کے مطابق اکثر مسافروں کو ٹرین کے حصول کے لیے مجبوراﹰ جہلم کا رخ کرنا پڑتا ہے، جہاں پہنچنے کے لیے اضافی کرایہ، وقت اور پریشانی برداشت کرنا پڑتی ہے۔ روزانہ سفر کرنے والے طلبہ، مزدور طبقہ اور ملازمت پیشہ افراد اس صورتحال سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔
اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ کئی اہم ٹرینیں دینہ سے بغیر رکے گزر جاتی ہیں، جس سے یہ احساس مزید گہرا ہو جاتا ہے کہ اس علاقے کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔ عوامی حلقوں کے مطابق اگر دینہ میں ٹرینوں کے اسٹاپ بڑھا دیے جائیں تو نہ صرف مقامی آبادی کو سہولت ملے گی بلکہ ریلوے کو بھی مسافروں کی تعداد میں اضافہ حاصل ہو سکتا ہے۔
شہریوں نے پاکستان ریلوے کے اعلیٰ حکام سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ دینہ ریلوے اسٹیشن پر ٹرینوں کے اسٹاپ میں اضافہ کیا جائے تاکہ عوام کو اپنے ہی شہر میں سفری سہولت میسر آ سکے اور جہلم کے غیر ضروری چکر ختم ہوں۔
اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ یہ مسئلہ عرصہ دراز سے حل طلب ہے اور اس کے باعث عوام کو روزانہ کی بنیاد پر مشکلات اور ذہنی اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ متعلقہ ادارے اس دیرینہ مسئلے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے فوری اقدامات کریں گے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔