مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) اظہر محمود کیانی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) سنیہ صافی نے ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم میں بچوں کو قطرے پلا کر قومی پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا

ضلع کی 56 یونین کونسلوں میں 5 سال سے کم عمر 228,162 بچوں کو پولیو قطرے اور وٹامن اے کے کیپسول پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا

0

جہلم(اقبال خان) مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) اظہر محمود کیانی اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) سنیہ صافی نے ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم میں بچوں کو قطرے پلا کر 13 تا 16 اپریل تک جاری رہنے والی 4 روزہ قومی پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔
مشیر صحت پنجاب میجر جنرل (ر) اظہر محمود کیانی نے مہم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب صوبے کو پولیو سے پاک کرنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور اس کا خاتمہ ہماری قومی ذمہ داری ہے۔
بریفنگ کے مطابق ضلع کی 56 یونین کونسلوں میں 5 سال سے کم عمر 228,162 بچوں کو پولیو قطرے اور وٹامن اے کے کیپسول پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس کے لیے انتظامیہ ہمہ وقت متحرک اور ٹیمیں فیلڈ میں موجود ہیں۔
مہم کی کامیابی کے لیے 1,094 فیلڈ ٹیمیں، 74 فکسڈ اور 24 ٹرانزٹ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جن کی مانیٹرنگ 223 ایریا انچارج اور 56 یونین کونسل انچارج کریں گے تاکہ 13 تا 16 اپریل کے دوران سو فیصد نتائج کا حصول یقینی ہو۔
محکمہ پولیس اور موٹر وے پولیس کی جانب سے فیلڈ ٹیموں کی معاونت کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ مہم کو بحسن و خوبی پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے اور ٹیموں کو دورانِ مہم مکمل تحفظ میسر ہو۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو) سنیہ صافی نے ہدایت کی کہ مقررہ ٹارگٹ کو ہر صورت مکمل کیا جائے اور والدین گھر گھر آنے والی ٹیموں سے تعاون کریں تاکہ ضلع کا کوئی بھی بچہ ویکسینیشن سے محروم نہ رہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.