ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اور ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی ہدایات پر شہر بھر میں فلیگ مارچ کا انعقاد کیا گیا
فلیگ مارچ میں اسسٹنٹ کمشنر جہلم آفتاب اشرف، ایس ڈی او شاہد، ڈی ایس پی سٹی سرکل محمد اکرم، ایس ایچ او سول لائن راجہ عمران، پولیس اور پیرا فورس کے جوانوں نے شرکت کی
جہلم(اقبال خان) حکومتِ پنجاب کی جانب سے توانائی کے مؤثر استعمال اور بچت کے لیے جاری کردہ نئے اوقاتِ کار پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اور ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری کی ہدایات پر شہر بھر میں فلیگ مارچ کا انعقاد کیا گیا۔ فلیگ مارچ میں اسسٹنٹ کمشنر جہلم آفتاب اشرف، ایس ڈی او شاہد، ڈی ایس پی سٹی سرکل محمد اکرم، ایس ایچ او سول لائن راجہ عمران، پولیس اور پیرا فورس کے جوانوں نے شرکت کی۔
فلیگ مارچ سول لائن روڈ، مین بازار، تحصیل روڈ اور چوک اہلحدیث سمیت شہر کی اہم شاہراہوں اور بازاروں سے گزرا جہاں تاجران اور شہریوں کو نئے ضوابط سے آگاہ کیا گیا۔ حکومتی احکامات کے مطابق تمام دکانیں، مارکیٹس اور شاپنگ مالز بشمول ہفتہ و اتوار رات 8:00 بجے بند کرنا لازم ہوگا، جبکہ ہوٹلز، ریسٹورنٹس، بینکوئٹس اور شادی کی تقریبات کے لیے رات 10:00 بجے کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے واضح کیا گیا کہ ٹیک اوے اور ہوم ڈلیوری کی سہولت اس کے بعد بھی جاری رہے گی۔
اسسٹنٹ کمشنر آفتاب اشرف نے مطلع کرتے ہوئے بتایا کہ میڈیکل اسٹورز، ہسپتال، پٹرول پمپس، تندور اور بیکریز کو ان اوقات سے استثنیٰ حاصل ہے۔ تاہم مقررہ اوقات کے بعد کسی بھی ہوٹل یا ریسٹورنٹ کے اندر یا باہر بیٹھ کر کھانے (سیٹنگ) پر مکمل پابندی ہوگی۔ فلیگ مارچ کے دوران مختلف مقامات پر ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا اور خلاف ورزی کرنے والوں کو حتمی وارننگ جاری کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے انتظامی افسران کو ہدایت کی کہ قومی مفاد میں ان ہدایات پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے اور کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہ کی جائے۔ انہوں نے عوام اور تاجران برادری سے اپیل کی کہ وہ توانائی کے بحران پر قابو پانے کے لیے حکومتی اقدامات میں انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کریں۔ فلیگ مارچ کا بنیادی مقصد شہریوں میں شعور بیدار کرنا اور حکومتی رٹ کو برقرار رکھتے ہوئے نظم و ضبط کی صورتحال کو یقینی بنانا تھا۔