قلعہ روہتاس تا ٹلہ جوگیاں تاریخی 20 کلومیٹر میراتھن واک 15 نومبر کو انعقاد ۔ تین ہزار افراد کی شرکت متوقع,ملک مدثر

0

قلعہ روہتاس تا ٹلہ جوگیاں تاریخی 20 کلومیٹر میراتھن واک 15 نومبر کو انعقاد ۔ تین ہزار افراد کی شرکت متوقع
​معروف سماجی شخصیات کی پریس کلب دینہ کے صدر محمد احسان جنجوعہ اور صحافتی وفد کو ایونٹ سے متعلق خصوصی بریفنگ
​دینہ (اقبال خان )شیر شاہ سوری کے عظیم فنِ تعمیر کے شاہکار تاریخی قلعہ روہتاس سے لے کر ٹلہ جوگیاں تک 15 نومبر 2026ء بروز اتوار کو ایک شاندار اور تاریخی میراتھن واک کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس نیشنل ایونٹ کے انعقاد کا بنیادی مقصد علاقائی ثقافت، تاریخ اور سیاحت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ عوام کے لیے مثبت اور صحت مندانہ تفریح کے مواقع فراہم کرنا ہے۔
​ان خیالات کا اظہار ایونٹ کے آرگنائزرز اور علاقے کی معروف سماجی شخصیات ملک مدثر، چوہدری کاشف، چوہدری شہزاد اور ملک عاصم آف یوکے نے پریس کلب دینہ کے صدر محمد احسان جنجوعہ کی زیرِ قیادت آنے والے ایک نمائندہ صحافتی وفد کو خصوصی بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ وفد میں سینئر صحافیوں جن میں دستگیر جٹ، محمد اقبال خان، ماجد آفریدی، سید جواد حسین نقوی، لیاقت علی مغل، رانا عاصم، ملک غلام مرتضیٰ اور ظہیر اختر بٹ شامل تھے۔​ایونٹ کا شیڈول اور طریقہ کار آرگنائزرز نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ میراتھن واک 15 نومبر کو صبح ٹھیک 7 بجے شروع ہوگی جس میں ملک بھر سے تقریباً 3 ہزار افراد کی شرکت متوقع ہے۔ واک کا کل فاصلہ 20 کلومیٹر پر محیط ہوگا، جس میں ایک خاص فارمولا رکھا گیا ہے کہ شرکاء پہلے 17 کلومیٹر واک کریں گے جبکہ آخری 3 کلومیٹر کا فاصلہ دوڑ کر طے کرتے ہوئے اپنا ٹارگٹ عبور کریں گے۔ واک میں حصہ لینے والے افراد کے لحاظ سے دو سے تین مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا جائے گا۔​میراتھن میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پہلے پانچ افراد کو خصوصی اور قیمتی انعامات سے نوازا جائے گا جبکہ باقی افراد میں کارکردگی کے حساب سے انعامات دئیے جائیں گے ۔ایونٹ کے دوران کسی بھی طبی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے پرائیویٹ ڈاکٹرز، طبی عملے اور ریسکیو 1122 کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔ تاہم آرگنائزرز نے واضح کیا ہے کہ دمے، شوگر اور دل کے عارضے میں مبتلا افراد کی سلامتی کے پیشِ نظر ان سے معذرت کی گئی ہے۔ ​سیکیورٹی اور انتظامی امور ایونٹ کی شفافیت اور امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جائیں گے۔ تقریباً 500 افراد سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے اور ضلعی انتظامیہ سے بھی مکمل سیکیورٹی اور تعاون کے لیے باضابطہ درخواست جمع کروا دی گئی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق کسی بھی کرمنل ریکارڈ یافتہ فرد کو واک میں انٹری نہیں دی جائے گی۔​آرگنائزرز نے اس عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شرکاء کے لیے پینے کے پانی، کھانہ فرسٹ ایڈ اور دیگر تمام ممکنہ سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی تاکہ اس تاریخی ایونٹ کو یادگار بنایا جا سکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.