ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم کا دورہ، طبی سہولیات، علاج معالجے کے معیار اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کا جائزہ

0

ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم کا دورہ، طبی سہولیات، علاج معالجے کے معیار اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کا جائزہ

جہلم (اقبال خان): ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم کا دورہ کیا اور مختلف شعبہ جات میں طبی سہولیات، علاج معالجے کے انتظامات اور ہسپتال کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر صفائی ستھرائی، ادویات کی دستیابی اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا معائنہ بھی کیا گیا۔

دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے زیرِ علاج مریضوں سے ملاقات کی اور ان سے طبی سہولیات کی فراہمی اور ہسپتال کے عملے کے رویے کے حوالے سے دریافت کیا۔ انہوں نے مریضوں کے ساتھ خوش اخلاقی، احترام اور پیشہ ورانہ طرزِ عمل اپنانے کی اہمیت پر زور دیا، تاکہ ہسپتال آنے والے شہریوں کو بہتر ماحول میں طبی خدمات فراہم کی جا سکیں۔

ڈپٹی کمشنر جہلم نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ طبی سہولیات کے معیار کو بہتر بنانے، صفائی ستھرائی برقرار رکھنے اور ادویات کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے عملے کو اپنی ذمہ داریاں مستعدی اور پیشہ ورانہ انداز میں ادا کرنے اور مریضوں کو بروقت معیاری علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے پر زور دیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.