تھانہ چوٹالہ کی حدود میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جیولر قتل ،ڈاکو زیورات کا بیگ لیکر فرار
پولیس تھانہ چوٹالہ نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کوشاں
جہلم ( اقبال خان)”جہلم میں ڈکیتی کی سنسنی خیز اور افسوسناک واردات؛ تھانہ چوٹالہ کی حدود میں ڈاکوؤں نے مزاحمت پر فائرنگ کر کے جیولر فیضان کو قتل کر دیا۔ مسلح ملزمان مقتول سے 400 گرام سونے کے زیورات سے بھرا بیگ چھین کر باآسانی فرار ہو گئے۔
”جہلم کے علاقے تھانہ چوٹالہ کی حدود میں دلاور روڈ پر ویران سڑک کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مسلح ڈاکوؤں نے لوٹ مار کی کوشش کی۔ پولیس ذرائع کے مطابق مقتول جیولر فیضان اپنے ساتھ بیگ میں 400 گرام سے زائد سونے کے زیورات اور دیگر ضروری اشیاء لے کر جا رہا تھا کہ ملزمان نے اسے راستے میں روک لیا۔
ڈکیتی کے دوران فیضان کی جانب سے مزاحمت کرنے پر بے رحم ملزمان نے سیدھی فائرنگ کر دی، جس سے وہ موقع پر ہی شدید زخمی ہو کر دم توڑ گیا۔ ملزمان زیورات اور دیگر سامان سے بھرا بیگ چھین کر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے سول اسپتال منتقل کر دیا۔ کرائم سین یونٹ نے موقع سے شواہد اکھٹے کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے روٹ کی جیو فینسنگ کی جا رہی ہے اور انہیں جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔