ضلع جہلم میں وزیر اعلیٰ پنجاب گرین ٹریکٹر پروگرام کے تحت کاشتکاروں میں ٹریکٹرز کی تقسیم کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں بذریعہ قرعہ اندازی 68 خوش نصیب کاشتکاروں کو ٹریکٹرز فراہم کیے گئے

جہلم(ملک فدا حسین اعوان ):۔ ضلع جہلم میں وزیر اعلیٰ پنجاب گرین ٹریکٹر پروگرام کے تحت کاشتکاروں میں ٹریکٹرز کی تقسیم کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں بذریعہ قرعہ اندازی 68 خوش نصیب کاشتکاروں کو ٹریکٹرز فراہم کیے گئے۔ ممبران قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی، چوہدری فرخ الطاف اور ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی نے کہا کہ گرین ٹریکٹر پروگرام پنجاب میں زرعی ترقی کی جانب ایک اہم قدم ہے اور اس میں کسی قسم کی سیاسی مداخلت شامل نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام منصوبے شفاف طریقے اور میرٹ پر مکمل کیے جا رہے ہیں تاکہ کسانوں کو حقیقی معنوں میں فائدہ پہنچے۔ ممبر قومی اسمبلی چوہدری فرخ الطاف نے کہا کہ پنجاب حکومت زراعت کی ترقی کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے اور گرین ٹریکٹر سکیم اور کسان کارڈ کے لیے اربوں روپے فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ صوبے کی بہتری کے لیے دن رات کوشاں ہیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے منصوبوں کا طریقہ کار انتہائی آسان رکھا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ کسان اس سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر کے لیے اگلے مرحلے میں ٹریکٹروں کی تعداد میں مزید اضافہ کیا جائے گا اور حکومت کی جانب سے کسانوں کو دی جانے والی سبسڈی ملکی تاریخ کی سب سے بڑی سبسڈی ہے۔ ڈائریکٹر زراعت شاہد افتخار بخاری نے بتایا کہ گرین ٹریکٹر پروگرام کے تحت پنجاب بھر میں 9500 ٹریکٹرز رکھے گئے ہیں اور ان کی قرعہ اندازی انتہائی شفاف طریقے سے کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع جہلم میں گزشتہ تین سالوں میں پیداوار 19 من سے بڑھا کر 22 من تک پہنچائی گئی ہے جو حکومت کی زرعی پالیسیوں کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ تقریب کے اختتام پر ممبران قومی اسمبلی بلال اظہر کیانی، چوہدری فرخ الطاف اور ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے کامیاب کاشتکاروں میں ٹریکٹروں کی چابیاں تقسیم کیں۔ کاشتکاروں نے حکومت پنجاب کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اپنی بھرپور خوشی کا اظہار کیا۔