ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے میڈیا نمائندگان کو رمضان المبارک کے پہلے ہفتے کی کارکردگی پر بریفنگ
جہلم (اقبال خان): ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے میڈیا نمائندگان کو رمضان المبارک کے پہلے ہفتے کی کارکردگی پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ یکم سے 7 ویں رمضان تک گراں فروشوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا گیا۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے مجموعی طور پر 9746 مقامات پر انسپکشنز کیں، جس کے نتیجے میں 411 افراد کو 14 لاکھ 59 ہزار 500 روپے کے جرمانے کیے گئے۔ سنگین خلاف ورزیوں پر 2 ایف آئی آرز درج، 57 دکانیں سیل اور 72 افراد کو گرفتار کیا گیا، جبکہ 2398 دکانداروں کو تنبیہ جاری کی گئی تاکہ مصنوعی مہنگائی کا مکمل خاتمہ ممکن ہو سکے۔
نگہبان رمضان کارڈز اور دسترخوانوں کے حوالے سے میڈیا نمائندگان کو تفصیلات دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے بتایا کہ ضلع کے لیے مختص 20,256 کارڈز میں سے 16,407 موصول ہو چکے ہیں اور 9285 خاندان اپنی رقوم نکال چکے ہیں، جبکہ بقیہ 3733 کارڈز کی تقسیم کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں کل 10 نگہبان رمضان دسترخوان فعال ہیں، جن میں سے 4 جہلم اور بقیہ تحصیلوں میں 2، 2 دسترخوان قائم ہیں جہاں مہمانوں کو باوقار طریقے سے افطار کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے نگہبان رمضان سہولت بازار جہلم کے حوالے سے خصوصی تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ بازار میں شہریوں کی سہولت کے لیے کل 22 سٹالز لگائے گئے ہیں جہاں اشیائے خوردونوش رعایتی نرخوں پر دستیاب ہیں۔ انہوں نے میڈیا نمائندگان کو یقین دہانی کروائی کہ سہولت بازار میں سیکیورٹی کے بہترین انتظامات اور اشیاء کی کوالٹی و قیمتوں کی روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے عزم دہرایا کہ ضلعی انتظامیہ شہریوں کو براہِ راست ریلیف پہنچانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔