ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کا گورنمنٹ پرائمری سکول بورڈنگ محلہ کا دورہ، سکول کی خطرناک عمارت کو فوری مرمت کرنے کی ہدایت

0

 

 

جہلم ( اقبال خان )جہلم: ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس کا گورنمنٹ پرائمری سکول بورڈنگ محلہ کا دورہ، سکول کی خطرناک عمارت کو فوری مرمت کرنے کی ہدایت، سکول کے باہر سیوریج نالے کی مکمل صفائی کا حکم، تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے گورنمنٹ پرائمری سکول بورڈنگ محلہ کی مخدوش عمارت اور بچوں کی تعلیم کے لیے صحن میں کلاسز کے انعقاد کی اطلاعات پر فوری ایکشن لیا۔ انہوں نے صبح سویرے سکول کا دورہ کیا اور صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اشتیاق احمد، ایکسین بلڈنگ، سب انجینئر، سی ای او ایجوکیشن سلیم شاہ اور دیگر افسران ان کے ہمراہ تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے سکول کی خطرناک قرار دی جانے والی عمارت کا معائنہ کیا اور سکول عملے سے تفصیلات معلوم کیں۔ انہوں نے محکمہ تعلیم اور بلڈنگ کے حکام کو فوری طور پر سکول کی چھتوں اور دیواروں کی مرمت کے احکامات جاری کیے اور ہدایت دی کہ عمارت کی بحالی کا کام جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے میونسپل کمیٹی کے حکام کو سکول کے باہر موجود مرکزی سیوریج نالے کی فوری صفائی اور اسے ڈھانپنے کے لیے اقدامات کرنے کا بھی حکم دیا۔ ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے کہا کہ سکولوں میں بنیادی سہولیات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، بچوں کے محفوظ تعلیمی ماحول کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.