
جہلم( اقبال خان ) ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کا سول ہسپتال کا دورہ، ہیلتھ کونسل کے ساتھ میٹنگ اور ہسپتال کے مختلف حصوں میں جاری طبی خدمات کا جائزہ لیا، تفصیلات کے مطابق ضلع جہلم میں نئے تعینات ہونے والے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے چارج سنبھالنے کے بعد پہلے دن سول ہسپتال کا دورہ کیا۔ جہاں انہوں نے سول ہسپتال کی ہیلتھ کونسل کے ساتھ تعارفی اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ڈپٹی کمشنر جہلم کو سول ہسپتال میں جاری طبی خدمات عملے کی تفصیلات، طبی مشینری کی موجودہ صورتحال سمیت دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی ۔ اس موقع پر انجمن بہبودی مریضاں کے نمائندگان چوہدری ساجد امین اور فرحت کمال نے ڈپٹی کمشنر جہلم کو ہسپتال میں سماجی تنظیموں کی جانب سے جاری فلاحی خدمات پر آگاہی دی۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے ہسپتال کے مختلف وارڈز کا دورہ کیا اور وہاں طبی خدمات کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ ہسپتال میں زیر تعمیر ٹراما سینٹر اور دیگر تعمیراتی منصوبوں کی تفصیلات معلوم کیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم نے کہا کہ طبی خدمات کو بہتر بنانے اور سول ہسپتال کو شہریوں کے لیے بہترین علاج گاہ بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے جبکہ تعمیراتی کاموں میں سست روی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا مقررہ مدت کے اندر تمام ترقیاتی کام اعلی معیار کے مٹیریل کے ساتھ مکمل کیے جائیں گے۔