ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل جہلم محترمہ صبا سحر کے تبادلے کے موقع پر ضلعی انتظامیہ جہلم کی جانب سے ایک پروقار الوداعی تقریب کا اہتمام

جہلم:( اقبال خان) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل جہلم محترمہ صبا سحر کے تبادلے کے موقع پر ضلعی انتظامیہ جہلم کی جانب سے ایک پروقار الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ یہ تقریب ان کی شاندار خدمات کے اعتراف اور نئی ذمہ داریوں کے لیے نیک خواہشات کے اظہار کے لیے منعقد کی گئی۔تقریب میں ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اور ڈی پی او جہلم طارق عزیز سندھو نے خصوصی طور پر شرکت کی اور دیگر تمام ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے محترمہ صبا سحر کی جہلم میں بطور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انجام دی جانے والی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ صبا سحر نے محنت، لگن اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیے اور عوامی مسائل کے حل میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے ان کی انتظامی صلاحیتوں کی تعریف کی اور امید ظاہر کی کہ وہ اپنی نئی پوسٹنگ پر بھی اسی جذبے کے ساتھ کام جاری رکھیں گی۔ ضلعی انتظامیہ کے دیگر افسران نے بھی محترمہ صبا سحر کے ساتھ اپنے کام کے تجربات کو خوشگوار قرار دیا اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔تقریب کے اختتام پر، ڈپٹی کمشنر جہلم اور دیگر افسران نے محترمہ صبا سحر کو ان کی خدمات کے اعتراف میں یادگاری تحائف پیش کیے۔ انہیں عزت و احترام کے ساتھ رخصت کیا گیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر صبا سحر نے ضلع جہلم میں اپنے قیام کو یادگار قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ جہلم کے لوگوں اور یہاں کی انتظامیہ کا تعاون ہمیشہ ان کے ساتھ رہا، جس پر وہ شکر گزار ہیں۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن اور تمام افسران کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی خدمات کو سراہا اور ان کے لیے الوداعی تقریب کا اہتمام کیا۔ انہوں نے کہا کہ جہلم میں گزارا ہوا وقت ان کی زندگی کا یادگار وقت رہے گا ۔