
جہلم ۔( اقبال خان) ڈپٹی کمشنر جہلم کا القاسم انسٹیٹیوٹ آف سپیشل ایجوکیشن کا دورہ، خصوصی بچوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو زبردست خراج تحسین . ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے القاسم انسٹیٹیوٹ آف سپیشل ایجوکیشن کا دورہ کیا اور وہاں زیرِ تعلیم خصوصی بچوں کی صلاحیتوں اور فن پاروں کا تفصیلی مشاہدہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے بچوں کے ساتھ وقت گزارا، انتظامیہ سے ملاقات کی، اور ان کی تعلیم و تربیت کے معیار کو سراہا۔ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن کا انسٹیٹیوٹ پہنچنے پر ادارہ کی انتظامیہ اور اساتذہ نے پرتپاک استقبال کیا۔ ڈی سی جہلم نے مختلف کلاس رومز کا معائنہ کیا اور خصوصی بچوں کے لیے فراہم کی جانے والی تعلیمی اور پیشہ ورانہ تربیت کی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے بچوں کے بنائے گئے فن پاروں، دستکاریوں، اور دیگر تخلیقی کاموں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور ہر بچے سے ان کے کام کے بارے میں معلومات حاصل کی۔بچوں کے غیر معمولی فن پاروں اور ان کی مہارتوں کو دیکھ کر ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے بچوں کی حوصلہ افزائی اور شاباش دی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بچے ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور ان کے اندر بے پناہ تخلیقی قوت اور قابلیت موجود ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ان بچوں کو مناسب ماحول، تربیت اور سہولیات فراہم کرنا ہمارا قومی اور اخلاقی فرض ہے۔انہوں نے القاسم انسٹیٹیوٹ کی انتظامیہ اور اساتذہ کی کاوشوں کی تعریف کی، جو انتہائی لگن اور محنت سے ان خصوصی بچوں کی بہترین نگہداشت اور معیاری تعلیم کو یقینی بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ادارے معاشرے میں ایک روشن مثال ہیں ڈپٹی کمشنر نے یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ جہلم میں خصوصی تعلیم کے فروغ اور القاسم انسٹیٹیوٹ جیسے اداروں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرے گی تاکہ خصوصی بچے کسی بھی میدان میں پیچھے نہ رہیں۔