ڈپٹی کمشنر جہلم کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے تحصیل ہیڈ کوارٹر (THQ) ہسپتال سوہاوہ کا دورہ
جہلم (اقبال خان ): ڈپٹی کمشنر جہلم کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے تحصیل ہیڈ کوارٹر (THQ) ہسپتال سوہاوہ کا دورہ کیا اور وہاں مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے مختلف وارڈز میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
معائنے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے ہسپتال میں ادویات کے اسٹاک، صفائی کے انتظامات اور طبی عملے کی حاضری کو چیک کیا۔ انہوں نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے گفتگو کی تاکہ علاج معالجے میں درپیش مسائل کو براہ راست سمجھا جا سکے اور موقع پر موجود انتظامیہ کو سروس ڈیلیوری مزید بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں۔
اسسٹنٹ کمشنر غزالہ اصغر نے واضح کیا کہ ہسپتال میں آنے والے سائلین کو بہترین طبی امداد فراہم کرنا انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو سختی سے ہدایت کی کہ مریضوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور ڈیوٹی سے غفلت برتنے والے عملے کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔