ڈپٹی کمشنر جہلم کی خصوصی ہدایت پر شہر کی خوبصورتی اور ماحولیاتی بہتری کے لیے مختلف شاہراہوں اور چوکوں پر پھولوں اور سایہ دار پودے لگانے کا کام تیزی سے جاری
جہلم (ملک فدا حسین اعوان): ڈپٹی کمشنر جہلم کی خصوصی ہدایت پر شہر کی خوبصورتی اور ماحولیاتی بہتری کے لیے مختلف شاہراہوں اور چوکوں پر پھولوں اور سایہ دار پودے لگانے کا کام تیزی سے جاری ہے۔ اس مہم کا مقصد شہر کو سرسبز و شاداب بنانا اور شہریوں کو خوشگوار ماحول فراہم کرنا ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے شہر کے مختلف داخلی و خارجی راستوں اور اہم اطراف میں موسمی پھولوں کے پودے لگائے جا رہے ہیں تاکہ شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کیا جا سکے۔ ان پودوں کی آبیاری اور حفاظت کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر ان کی نگرانی کریں گی۔
ڈپٹی کمشنر نے اس حوالے سے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ شجرکاری کے اس عمل میں معیار اور پودوں کی پائیداری کو مدنظر رکھا جائے۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ شہر کو خوبصورت بنانے کی اس مہم میں انتظامیہ کا ساتھ دیں اور ان پودوں کی حفاظت کو اپنی ذمہ داری سمجھیں تاکہ جہلم کی خوبصورتی کو برقرار رکھا جا سکے۔