ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (RWMC) کے سٹاف کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ
جہلم (اقبال خان): ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر نے راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (RWMC) کے سٹاف کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور "ڈور ٹو ڈور” گاربج کلیکشن کے عمل کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے فیلڈ میں موجود ورکرز کی کارکردگی کو براہِ راست مانیٹر کیا۔
دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے RWMC سٹاف کے ہمراہ گھر گھر جا کر کچرا اکٹھا کرنے کے طریقہ کار اور گاڑیوں کے شیڈول کا معائنہ کیا۔ انہوں نے فیلڈ سٹاف کو ہدایت کی کہ صفائی کے عمل میں کوئی کوتاہی نہ برتی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کچرا اٹھانے والی ٹیمیں ہر گلی اور محلے تک رسائی حاصل کریں۔
اسسٹنٹ کمشنر غزالہ اصغر نے صفائی کے عملے کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں ہدایت کی کہ وہ اپنی ڈیوٹی کے دوران شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہر کو صاف ستھرا رکھنا ضلعی انتظامیہ اور RWMC سٹاف کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جس کے لیے تمام وسائل کو متحرک رکھا جائے گا۔