کیتھ لیب میں اینجیو گرافی، اینجیو پلاسٹی، پرائمری پی سی آئی اور عارضی پیس میک لگانے جیسی پیچیدہ اور جدید سہولیات مستقل بنیادوں پر فراہم کی جا رہی ہیں،وزیر ریلوے و خزانہ بلال اظہر کیانی
جہلم (اقبال خان): وفاقی وزیر برائے ریلوے و خزانہ بلال اظہر کیانی نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل جہلم شگفتہ جبین کے ہمراہ ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم کا دورہ کیا اور وہاں قائم جدید کیتھ لیب (Cath Lab) میں میسر عالمی معیار کی طبی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ہسپتال انتظامیہ نے وفاقی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کیتھ لیب میں اینجیو گرافی، اینجیو پلاسٹی، پرائمری پی سی آئی (Primary PCI) اور عارضی پیس میک (Temporary Pacemaker) لگانے جیسی پیچیدہ اور جدید سہولیات مستقل بنیادوں پر فراہم کی جا رہی ہیں۔
وفاقی وزیر بلال اظہر کیانی نے ہسپتال کے مختلف وارڈز کا معائنہ کیا اور کیتھ لیب میں ان جدید ترین سہولیات کی دستیابی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دل کے امراض کے علاج کے لیے ان سہولیات کی فراہمی سے جہلم اور گردونواح کے مریضوں کو علاج کے لیے لاہور یا راولپنڈی کے بڑے ہسپتالوں میں جانے کی ضرورت نہیں اور انہیں یہاں مقامی سطح پر مفت اور فوری علاج میسر ہے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل شگفتہ جبین نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ ہسپتال کی مانیٹرنگ اور ادویات کی دستیابی کو روزانہ کی بنیاد پر یقینی بنایا جا رہا ہے۔ وفاقی وزیر نے انتظامیہ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے عملے کو مزید جانفشانی سے کام کرنے کی تلقین کی تاکہ کیتھ لیب سے زیادہ سے زیادہ لوگ مستفید ہو سکیں۔