بلند و بالا عمارتوں، پلازوں اور تجارتی مراکز میں فائر سیفٹی قوانین پر سو فیصد عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے،ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن

0

جہلم ۔( اقبال خان ) ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر دفتر میں فائر سیفٹی اور بلند و بالا عمارتوں کے حوالے سے ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ریسکیو 1122 کے افسران اور متعلقہ محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران ریسکیو حکام نے ڈپٹی کمشنر کو شہر کی ہائی رائز بلڈنگز میں موجود فائر فائٹنگ سسٹم، ہنگامی نکاس کے راستوں اور سیفٹی قوانین کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی اور ان عمارتوں کی نشاندہی کی جہاں حفاظتی انتظامات ناقص پائے گئے۔ ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے اس موقع پر سخت احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام بلند و بالا عمارتوں، پلازوں اور تجارتی مراکز میں فائر سیفٹی قوانین پر سو فیصد عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور آگ بجھانے والے آلات، الارم سسٹم و پانی کے ہائیڈرنٹس کی موجودگی میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہ کی جائے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ جو عمارتیں حفاظتی معیار پر پورا نہیں اترتیں انہیں فوری نوٹس جاری کیے جائیں اور مقررہ وقت میں بہتری نہ لانے پر انہیں سیل کر دیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے ریسکیو 1122 اور سول ڈیفنس کو تمام تجارتی عمارتوں کا مشترکہ آڈٹ کرنے کا حکم دیتے ہوئے واضح کیا کہ انسانی جانوں کا تحفظ انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی حادثے کی روک تھام کے لیے پیشگی اقدامات ہر صورت مکمل کیے جائیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.