ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے ضلع بھر کے تمام جنرل سٹورز پر سرکاری آٹے کی وافر مقدار میں فراہمی یقینی بنا دی
جہلم (اقبال خان): وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے ضلع بھر کے تمام جنرل سٹورز پر سرکاری آٹے کی وافر مقدار میں فراہمی یقینی بنا دی ہے۔ اس اہم اقدام کا بنیادی مقصد عام آدمی کو حکومتی نرخوں پر آٹے کی سہولت فراہم کرنا اور مارکیٹ میں مصنوعی قلت کا خاتمہ کرنا ہے۔
ضلع بھر میں آٹے کی سپلائی اور دستیابی کا عمل ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر جہلم شمس عباس کی زیرِ نگرانی جاری ہے۔ انتظامیہ کے مطابق تمام جنرل سٹورز پر سرکاری آٹا کثیر تعداد میں موجود ہے تاکہ شہریوں کو خریداری میں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ شمس عباس خود سپلائی چین کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں تاکہ ہر سٹور تک آٹا پہنچ سکے۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے ہدایت کی ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر جنرل سٹورز کا معائنہ کر کے سرکاری آٹے کی مقررہ نرخوں پر فروخت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے تنبیہ کی کہ ذخیرہ اندوزی یا زائد نرخ وصول کرنے والے مالکان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی کیونکہ عوامی ریلیف پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔