قیمتوں میں خودساختہ اضافہ اور ذخیرہ اندوزی کرنے والے عناصر کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے،ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن
جہلم (اقبال خان): ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے ضلع بھر کے تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد کیا۔ اس اجلاس کا بنیادی مقصد گراں فروشی کا خاتمہ اور عام آدمی کو مقررہ سرکاری نرخوں پر اشیائے ضروریہ کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنانا ہے۔
اجلاس کے دوران ڈپٹی کمشنر نے مجسٹریٹس کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں اور تمام مارکیٹوں کی کڑی نگرانی کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ قیمتوں میں خودساختہ اضافہ اور ذخیرہ اندوزی کرنے والے عناصر کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عوامی مفادات کا تحفظ ہو سکے۔
ڈپٹی کمشنر میر رضا اوزگن نے مزید کہا کہ اشیاء کی وافر دستیابی اور درست قیمتوں پر فروخت انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے مجسٹریٹس کو روزانہ کی بنیاد پر کارروائیوں کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا اور تاکید کی کہ گراں فروشوں کے خلاف بلاامتیاز ایکشن لے کر شہریوں کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کیا جائے۔