ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے مشین محلہ نمبر 2 میں قائم کردہ "نگہبان رمضان سہولت بازار” کا تفصیلی دورہ

0

جہلم (اقبال خان): شہریوں کو ماہِ صیام کے دوران سستی اور معیاری اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے مشین محلہ نمبر 2 میں قائم کردہ "نگہبان رمضان سہولت بازار” کا تفصیلی دورہ کیا۔ دورے کا مقصد رمضان المبارک کے آغاز سے قبل بازار میں فراہم کردہ سہولیات، اسٹالز کی تیاری اور سیکیورٹی انتظامات کا جامع جائزہ لینا تھا۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے بازار کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور وہاں موجود متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ سہولت بازار میں آٹا، چینی، گھی اور سبزیاں مارکیٹ سے کم نرخوں پر وافر مقدار میں دستیاب ہونی چاہئیں۔ انہوں نے اشیاء کے معیار اور قیمتوں کو چیک کرتے ہوئے واضح کیا کہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام انتظامات کو ڈیلی بیسز پر چیک کیا جائے تاکہ شہریوں کو خریداری میں کوئی دشواری پیش نہ آئے۔
سیکیورٹی اور انتظامی امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ بازار میں آنے والے شہریوں کے لیے پارکنگ اور سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں۔ انہوں نے متعلقہ عملے کو پابند کیا کہ سہولت بازار کی مانیٹرنگ روزانہ کی بنیاد پر کی جائے گی تاکہ حکومتِ پنجاب کے ریلیف پیکج کے ثمرات براہِ راست حقداروں تک پہنچ سکیں اور صفائی ستھرائی کا اعلیٰ معیار برقرار رہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.