ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے تاریخی "لاجپت رائے لائبریری” کا دورہ

0

جہلم (اقبال خان): ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے تاریخی "لاجپت رائے لائبریری” کا دورہ کیا اور وہاں جاری تزئین و آرائش کے کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے لائبریری کی عمارت کی بحالی، جدید لائٹنگ اور فنشنگ کے کاموں کا جائزہ لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس تاریخی اثاثے کو محفوظ بنانا اور اسے جدید تقاضوں کے مطابق ڈھالنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے تاکہ نئی نسل میں علم کی پیاس پیدا کی جا سکے۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے تعمیراتی عملے کو ہدایت کی کہ لائبریری میں آنے والے طلبہ اور قارئین کے لیے بیٹھنے کے آرام دہ انتظامات اور کتابوں کی کیٹلاگنگ کو بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ لائبریری میں جدید سہولیات کی فراہمی کا مقصد طلبہ کو کتابیں پڑھنے اور مطالعہ کرنے کی طرف راغب کرنا ہے۔ انہوں نے کام کے معیار پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی مٹیریل میں کسی قسم کی کمی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی تاکہ منصوبہ جلد مکمل ہو۔
تعمیراتی کام کی رفتار کا معائنہ کرنے کے بعد متعلقہ عملے کو پابند کیا گیا کہ لائبریری کے اندرونی اور بیرونی حصوں کی صفائی ستھرائی پر خصوصی توجہ دی جائے۔ ہدایات دی گئیں کہ لائبریری کو جلد فعال کیا جائے تاکہ شہریوں اور خاص طور پر نوجوانوں کو مطالعے کے لیے ایک آئیڈیل اور پرسکون ماحول میسر آ سکے اور وہ کتابوں سے اپنا رشتہ استوار کر سکیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.