ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیرِ صدارت ضلعی انتظامیہ کا ایک اہم اجلاس کا انعقاد

0

 

جہلم .( اقبال خان) ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیرِ صدارت ضلعی انتظامیہ کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں رمضان نگہبان پیکج، نگہبان کارڈ، ستھرا پنجاب مہم اور عوامی مسائل کے حل کے حوالے سے افسران کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کے احکامات جاری کیے گئے۔
اجلاس کے دوران میر رضا اوزگن نے خصوصی طور پر ہدایت کی کہ نگہبان کارڈ کی تقسیم کا عمل فوری طور پر مکمل کیا جائے۔ انہوں نے سختی سے پابند کیا کہ یہ کارڈز مستحقین کے گھر گھر جا کر پہنچائے جائیں اور شہریوں کو کسی ایک مقام پر جمع کرنے یا قطاروں میں کھڑا کرنے سے گریز کیا جائے تاکہ ان کی عزتِ نفس مجروح نہ ہو اور انہیں دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔ڈپٹی کمشنر نے عوامی شکایات کے حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے تمام افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر فوری دور کیا جائے۔ بالخصوص محکمہ مال سے متعلقہ شکایات پر کڑی نظر رکھنے اور ان پر فی الفور ایکشن لینے کا حکم دیا گیا تاکہ زمین و جائیداد اور ریونیو سے جڑے معاملات میں عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ‘ستھرا پنجاب’ مہم کے تحت ضلع بھر میں زیرو ویسٹ آپریشن کو یقینی بنانے اور صفائی کے انتظامات میں کوتاہی برتنے والے عملے کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کا انتباہ بھی دیا گیا۔ انہوں نے تمام افسران کو فیلڈ میں متحرک رہنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ گراں فروشی، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز تجاوزات کے خلاف فوری اور سخت آپریشن کیا جائے تاکہ حکومتی ریلیف کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچ سکیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.