گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین جہلم میں ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر ونٹر سپورٹس گالا کا انعقاد
پاکستان کی پہلی خاتون نیزہ باز عروج کیانی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت
جہلم (اقبال خان): گورنمنٹ گریجویٹ کالج برائے خواتین جہلم میں ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر ونٹر سپورٹس گالا کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستان کی پہلی خاتون نیزہ باز عروج کیانی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل جہلم، ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز، سی او ضلع کونسل، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر، کالج پرنسپل، اساتذہ اور طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔ مہمانِ خصوصی نے فیتہ کاٹ کر مقابلوں کا افتتاح کیا اور فضا میں کبوتر چھوڑ کر خوشی کا اظہار کیا۔
عروج کیانی نے والی بال میچ کا آغاز کروایا اور خود بھی رسہ کشی کے مقابلے میں حصہ لے کر طالبات کا حوصلہ بڑھایا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے، اصل کامیابی ہمت اور حوصلہ برقرار رکھنے میں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستانی خواتین ہر میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں اور ملک کا نام روشن کر رہی ہیں۔ طالبات نے مہمانِ خصوصی کے ساتھ تصاویر بنوائیں اور آٹو گراف بھی لیے۔
کالج انتظامیہ نے ڈپٹی کمشنر جہلم کی ہدایت پر کھیلوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایسی سرگرمیاں طالبات کی جسمانی صحت، خوداعتمادی اور ٹیم ورک کو فروغ دینے کے لیے ناگزیر ہیں۔ تقریب کے اختتام پر کامیاب ٹیموں کی حوصلہ افزائی کی گئی اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ طالبات کو نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے بھرپور مواقع فراہم کیے جاتے رہیں گے۔