ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیرِ صدارت پرائس کنٹرول کے حوالے سے ایک انتہائی اہم اور خصوصی اجلاس کا انعقاد

ضلع بھر کی تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، جہلم کے معزز میڈیا نمائندگان اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے بھرپور شرکت کی

0

جہلم (اقبال خان): ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی زیرِ صدارت پرائس کنٹرول کے حوالے سے ایک انتہائی اہم اور خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس کا بنیادی محور رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں شہریوں کو مصنوعی مہنگائی کے بوجھ سے بچانا اور انہیں اشیائے خوردونوش کی سستے داموں فراہمی کو ہر صورت یقینی بنانا تھا۔ اس جامع اجلاس میں ضلع بھر کی تمام تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، جہلم کے معزز میڈیا نمائندگان اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے بھرپور شرکت کی، جہاں ضلعی سطح پر عوامی ریلیف پیکج پر عملدرآمد کی حکمت عملی اور فیلڈ کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ عوام کو ریلیف پہنچانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
میر رضا اوزگن نے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ اپنی تحصیلوں کے بازاروں میں خود موجود رہ کر مانیٹرنگ کے عمل کو مزید سخت کریں اور سپلائی چین میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آنے دیں تاکہ شہریوں کو اشیاء کی دستیابی میں کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اجلاس میں معزز صحافیوں کو مدعو کرنے کا مقصد بیان کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ صحافی برادری معاشرے کی نبض پر ہاتھ رکھتی ہے اور ان کے تعاون و مشاورت سے ہی عوامی مسائل کی فوری نشاندہی اور شہریوں کی شکایات کا بروقت ازالہ ممکن ہے، اس لیے انتظامیہ میڈیا کی جانب سے موصول ہونے والی ہر اطلاع پر ترجیحی بنیادوں پر کارروائی کرے گی تاکہ حکومتی ریلیف کے ثمرات براہِ راست عام آدمی تک پہنچ سکیں اور کسی بھی مستحق کی حق تلفی نہ ہو۔
پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو سخت ترین احکامات جاری کرتے ہوئے واضح کیا گیا کہ وہ فیلڈ میں اپنی متحرک موجودگی کو یقینی بنائیں اور گراں فروشوں کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے بلکہ شہریوں کو لوٹنے والے منافع خور عناصر کو موقع پر گرفتار کر کے براہِ راست جیل بھیجا جائے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پیرا فورس کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے جس کا مقصد تجاوزات اور گراں فروشی کا خاتمہ ہے تاکہ رمضان کے دوران عام شہریوں کو ریلیف میسر آ سکے اور بازاروں میں نظم و ضبط برقرار رہے۔ متعلقہ عملے کو پابند کیا گیا کہ جو دکاندار نرخ نامہ نمایاں جگہ پر آویزاں نہیں کرے گا اس کی دکان فوری سیل کر دی جائے گی کیونکہ شہریوں کے حقوق کا تحفظ اور انہیں سستی اشیاء کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.