اسسٹنٹ کمشنر دینہ محمد تیمور خان کا شہر کا دورہ سبزی فروٹ کے ریٹ کی چیکنگ

0

جہلم (اقبال خان): ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر دینہ تیمور خان نے رمضان المبارک کی آمد کے پیشِ نظر بازار کا خصوصی دورہ کیا اور اشیائے خوردونوش کی قیمتوں و معیار کا معائنہ کیا۔ اس دورے کا مقصد مقدس مہینے میں شہریوں کو سستی اور معیاری اشیا کی فراہمی یقینی بنانا اور ناجائز منافع خوری کا سدِباب کرنا تھا۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ رمضان المبارک کے دوران مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
معائنے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر دینہ تیمور خان نے پھلوں، سبزیوں اور دیگر ضروری اشیا کے نرخ چیک کیے اور دکانداروں کو سرکاری ریٹ لسٹ نمایاں جگہوں پر آویزاں کرنے کی سختی سے ہدایت کی۔ انہوں نے گراں فروشی کرنے والے متعدد دکانداروں پر موقع پر بھاری جرمانے عائد کیے اور وارننگ دی کہ رمضان المبارک میں ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر جہلم کے احکامات کے مطابق مقررہ قیمتوں سے زائد وصولی پر دکانیں سیل کر کے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اسسٹنٹ کمشنر نے دکانداروں کو تاکید کی کہ وہ رمضان المبارک کے تقدس کا خیال رکھتے ہوئے عوام کو ریلیف فراہم کریں اور ناجائز منافع خوری سے گریز کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ جہلم کی پرائس کنٹرول ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں کی نگرانی کر رہی ہیں تاکہ شہریوں کو اشیا کی خرید و فروخت میں کسی دشواری کا سامنا نہ ہو۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.