ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی نگرانی میں قلبی ویلفیئر سوسائٹی دینہ کے تعاون سے ڈی سی آفس، ایجوکیشن آفس اور سول ڈیفنس آفس کے درجہ چہارم کے ملازمین سمیت مستحق کیئر گیورز خواتین میں راشن تقسیم کیا گیا

0

جہلم (اقبال خان) ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی نگرانی میں قلبی ویلفیئر سوسائٹی دینہ کے تعاون سے ڈی سی آفس، ایجوکیشن آفس اور سول ڈیفنس آفس کے درجہ چہارم کے ملازمین سمیت مستحق کیئر گیورز خواتین میں راشن تقسیم کیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری ملازمین اور سفید پوش طبقے کی خدمت ہمارا نصب العین ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قلبی ویلفیئر سوسائٹی کے تعاون سے مستحقین کی مدد کا یہ سلسلہ جاری رہے گا تاکہ مہنگائی کے اس دور میں نچلے طبقے کے ملازمین کو بھرپور ریلیف فراہم کیا جا سکے۔ سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر نازیہ شہزادی نے بھی قلبی ویلفیئر سوسائٹی کی انسانی خدمات کو قابل تحسین و تقلید قرار دیا۔
راشن کی تقسیم کے دوران انسانیت کی تذلیل سے پاک اس منفرد اقدام کی خاص بات یہ تھی کہ لوگوں کی عزتِ نفس کا خیال رکھتے ہوئے کوئی فوٹو سیشن نہیں کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ نیکی میں نمود و نمائش سے اصل مقصد فوت ہو جاتا ہے، اس لیے مستحقین کی رازداری کو ترجیح دی گئی ہے۔ عوامی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر جہلم کی اس سوچ اور کاوش کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اسے دیگر انتظامی افسران کے لیے بھی ایک قابلِ تقلید مثال قرار دیا ہے جس میں دکھاوے کے بجائے حقیقی خدمت کو مقدم رکھا گیا۔
سرکاری ملازمین نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے ان کی مالی مشکلات میں کمی آئے گی اور یہ اقدام دیگر محکموں کے لیے بھی ایک بہترین مثال ہے۔ قلبی ویلفیئر سوسائٹی کے نمائندگان نے بھی اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر انسانیت کی خدمت کا یہ مشن جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر ضلعی افسران نے بھی شرکت کی اور انتظامیہ کی جانب سے ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ اس عمل سے مستحقین کی عزتِ نفس بھی مجروح نہیں ہوئی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.