ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن و ممبر قومی اسمبلی چوہدری فرخ الطاف کا للہ انٹرچینج پراجیکٹ سائٹ کا تفصیلی دورہ
جہلم(اقبال خان) ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے للہ انٹرچینج پراجیکٹ سائٹ کا تفصیلی دورہ کیا، ممبر قومی اسمبلی چوہدری فرخ الطاف خصوصی طور پر ان کے ہمراہ تھے۔ اس مشترکہ دورے کا مقصد جاری ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لینا اور عوامی مفاد کے اس منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنا تھا۔ اسسٹنٹ کمشنر جہلم آفتاب اشرف، ایکسین ہائی وے اور تحصیلدار بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ایم این اے چوہدری فرخ الطاف نے منصوبے کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور تعمیراتی کام کے معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت کے اس اہم منصوبے کی بروقت تکمیل کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ علاقے کے عوام کو جدید سفری سہولیات میسر آ سکیں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کے تعاون اور نگرانی کے عمل کو بھی سراہا۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے موقع پر موجود افسران کو حکم دیا کہ ایم این اے چوہدری فرخ الطاف کی جانب سے دی گئی تجاویز اور ہدایات کی روشنی میں کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور انتظامیہ اس میگا پراجیکٹ کی شفاف اور بروقت تکمیل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔