دینہ اور گردونواح میں گزشتہ روز واپڈا کی جانب سے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی،اعلی حکام نوٹس لیں

بجلی کی بندش کے باعث معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا

0

دینہ (اقبال خان)دینہ اور گردونواح میں گزشتہ روز واپڈا کی جانب سے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی۔ایک ہفتے سے بار بار بجلی کی بندش کے باعث معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ بغیر کسی پیشگی اطلاع کے کئی کئی گھنٹے بجلی بند رہنا نہ صرف گھریلو نظام کو متاثر کر رہا ہے بلکہ کاروباری سرگرمیاں بھی ٹھپ ہو کر رہ گئی ہیں۔ طلبہ کو تعلیم میں رکاوٹ جبکہ بیمار افراد کو بھی شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
مقامی افراد نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ بارہا شکایات کے باوجود واپڈا کی جانب سے کوئی مؤثر اقدام سامنے نہیں آیا۔ عوام کا کہنا ہے کہ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے ان کی مشکلات میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے۔
شہریوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور اگر لوڈ شیڈنگ ناگزیر ہو تو اس کا باقاعدہ شیڈول جاری کیا جائے تاکہ عوام ذہنی اذیت سے بچ سکیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.