امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کروانے میں پاکستان کے مثبت کردار کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے۔ بلال اظہر کیانی وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے
دینہ (اقبال خان)امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ بندی کروانے میں پاکستان کے مثبت کردار کو دنیا بھر میں سراہا جا رہا ہے۔ عالمی سطح پر جاری کشیدگی کے دوران پاکستان نے امن کے قیام کے لیے اہم سفارتی کوششیں کیں، جنہیں عالمی برادری قدر کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے۔
وزیرِ مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران، اسرائیل اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کے معاشی اثرات پوری دنیا سمیت پاکستان پر بھی مرتب ہوئے۔ تاہم حکومت پاکستان نے بروقت اقدامات کرتے ہوئے عوام کو اس بحران کے اثرات سے محفوظ رکھنے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد پاکستان میں بھی قیمتیں کم کی جائیں گی۔ حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کو جہاں تک ممکن ہو سکا، قابو میں رکھا اور اس مقصد کے لیے 129 ارب روپے کی سبسڈی فراہم کی۔
بلال اظہر کیانی کا مزید کہنا تھا کہ قیمتوں میں اضافے کے باوجود حکومت عوام کو ریلیف فراہم کر رہی ہے تاکہ اس کا بوجھ عام صارف پر نہ پڑے۔ خصوصاً کسانوں اور موٹر سائیکل سواروں کو اضافی قیمتوں سے بچانے کے لیے خصوصی سبسڈی دی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان شروع دن سے امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کے ذریعے مسئلے کے حل کے لیے کوشاں رہا ہے۔ جنگ بندی کے عمل میں پاکستان کی قیادت نے کلیدی کردار ادا کیا۔
وزیراعظم پاکستان اور چیف آف آرمی اسٹاف سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے امن کے قیام کے لیے اہم فیصلے کیے۔ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن و استحکام کا خواہاں رہا ہے اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن کوشش جاری رکھے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ آج دنیا کی نظریں پاکستان پر ہیں، جو ایران اور امریکہ کے درمیان مستقل جنگ بندی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔