اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ غزالہ اصغر کی زیر نگرانی سوہاوہ میں جشنِ معرکۂ حق آپریشن بنیان المرصوص کے سلسلہ میں افواج پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ریلی کا انعقاد
جہلم (اقبال خان) ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کی خصوصی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ محترمہ غزالہ اصغر کی زیر نگرانی تحصیل سوہاوہ میں جشنِ معرکۂ حق (آپریشن بنیان المرصوص) کے سلسلے میں پاک افواج کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ایک منظم اور بڑی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔
ریلی میں شہریوں، طلبہ، مختلف سرکاری و نجی اداروں کے سربراہان اور نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے قومی یکجہتی اور حب الوطنی کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو سراہا اور ان کے کردار کو سلام پیش کیا۔
ریلی کے دوران مقررین نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے ملک کی سلامتی، خودمختاری اور استحکام کے لیے بے مثال خدمات سرانجام دی ہیں۔ اس موقع پر اتحاد، نظم و ضبط اور قومی ذمہ داری کے پیغام کو اجاگر کیا گیا، جو ایک مضبوط اور متحد قوم کی علامت ہے۔
آخر میں شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ وطنِ عزیز کے دفاع اور ترقی کے لیے افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔ ریلی کا اختتام پاکستان کی سلامتی و خوشحالی کے لیے دعا اور “پاکستان زندہ باد” کے نعروں کے ساتھ ہوا۔