معرکۂ حق کی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر ضلعی انتظامیہ جہلم کی جانب سے اس تاریخی کامیابی کو شایانِ شان انداز میں منانے کا فیصلہ
اجلاس کی صدارت ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اور ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کی
جہلم (اقبال خان) معرکۂ حق کی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر ضلعی انتظامیہ جہلم کی جانب سے اس تاریخی کامیابی کو شایانِ شان انداز میں منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس موقع پر افواجِ پاکستان کی شاندار کامیابیوں اور وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا۔
اس حوالے سے ڈی سی آفس جہلم میں ایک اہم کوارڈینیشن اجلاس منعقد ہوا جس میں پروگرام کی ترتیب، انتظامات اور مختلف تجاویز پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس کا مقصد تقریب کے تمام انتظامی امور کو حتمی شکل دینا تھا تاکہ اس دن کو قومی جذبے کے ساتھ منایا جا سکے۔
اجلاس کی صدارت ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن اور ڈی پی او جہلم شفیق احمد چوہدری نے کی۔ اس موقع پر ضلع بھر کے مختلف سرکاری محکموں کے سربراہان، سیاسی و سماجی نمائندگان اور معززین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ معرکۂ حق کی کامیابی کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا جائے گا اور افواجِ پاکستان کی قربانیوں اور خدمات کو عوام کے سامنے نمایاں کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ شہداء کی جرات اور بہادری کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا جائے گا۔
شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ اس موقع کو قومی یکجہتی، حب الوطنی اور دفاعِ وطن کے جذبے کے طور پر منایا جائے گا تاکہ نئی نسل میں اپنے ملک سے محبت اور افواجِ پاکستان سے وابستگی کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔