"میرا سکول، میری پہچان” کے عزم کے تحت ڈپٹی کمشنر جہلم کے میڈیا کوآرڈینیٹر / سابق طالب علم محمد اویس کی جانب سے اپنے مادرِ علمی گورنمنٹ ہائی سکول ٹاہلیانوالہ جہلم میں شاندار تقریب کا انعقاد
جہلم (اقبال خان ) "میرا سکول، میری پہچان” کے عزم کے تحت ڈپٹی کمشنر جہلم کے میڈیا کوآرڈینیٹر / سابق طالب علم محمد اویس کی جانب سے اپنے مادرِ علمی گورنمنٹ ہائی سکول ٹاہلیانوالہ جہلم میں شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا مقصد طلباء کی حوصلہ افزائی، اساتذہ و والدین کے کردار کو اجاگر کرنا اور مثبت پیغام دینا تھا۔
اس باوقار تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر جہلم آفتاب اشرف نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خضر حیات اور شعبہ واٹر فلٹریشن جہلم کے انچارج اصغر مرزا نے بھی شرکت کی۔ پریفیکٹس نے اسسٹنٹ کمشنر کا استقبال کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر اور میڈیا کوآرڈینیٹر / سابق طالب علم محمد اویس نے طلباء میں سٹیشنری کے تحائف تقسیم کیے، جس میں ایڈووکیٹ فرحت کمال ضیاء کا تعاون شامل رہا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جہلم کے میڈیا کوآرڈینیٹر / سابق طالب علم محمد اویس کا کہنا تھا کہ گورنمنٹ ہائی سکول ٹاہلیانوالہ جہلم میرے لیے بہترین تربیت اور کردار سازی کی عظیم درسگاہ ہے۔ میری زندگی کی تمام تر کامیابیوں کے پیچھے والدین کی دعائیں اور اساتذہ کی مخلصانہ تربیت کا بنیادی کردار شامل ہے۔
محمد اویس نے اپنے استاد اور سکول کے موجودہ ہیڈ ماسٹر کامران حسین صاحب کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی شفقت ہمیشہ یاد رہے گی۔ ماضی میں ایک سماجی شخصیت سے ملنے والا یونیفارم ان کے لیے امید کی علامت بنا تھا۔ محمد اویس نے اس نیک عمل میں بھرپور تعاون فراہم کرنے پر نور ویلفیئر ٹرسٹ کے جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ فرحت کمال ضیاء کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ لمحہ باعثِ فخر ہے کہ گورنمنٹ ہائی سکول ٹاہلیانوالہ جہلم کی تاریخ میں پہلی بار کسی پرانے طالب علم کو اپنے ادارے کے معصوم بچوں کی خدمت کا موقع ملا۔ آخر میں انہوں نے فارغ التحصیل طلباء سے گزارش کی کہ وہ اپنے مادرِ علمی کے طلبہ کے لیے ایسے اقدامات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ کوئی بھی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہے۔