تمام غیر قانونی سیل پوائنٹس کو فوری طور پر حکومت کی جانب سے نوٹیفائیڈ مویشی منڈی میں منتقل کیا جائے,اسسٹنٹ کمشنر دینہ
دینہ (اقبال خان)جہلم کے علاقے دینہ میں ضلعی انتظامیہ نے غیر قانونی مویشی منڈیوں اور سیل پوائنٹس کے خلاف گھیرا تنگ کر دیا ہے۔ منگلا روڈ پر شہریوں کے لیے مشکلات پیدا کرنے والے عناصر کو اسسٹنٹ کمشنر دینہ تیمور خان نے دو ٹوک وارننگ جاری کر دی ہے۔
اسسٹنٹ کمشنر دینہ تیمور خان نے منگلا روڈ کا تفصیلی دورہ کیا اور وہاں قائم غیر قانونی سیل پوائنٹس کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے موقع پر موجود صورتحال کو دیکھتے ہوئے سخت برہمی کا اظہار کیا اور متعلقہ افراد کو تمام غیر قانونی سرگرمیاں فوری بند کرنے کا حکم دیا۔
تیمور خان نے واضح اور دو ٹوک ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام غیر قانونی سیل پوائنٹس کو فوری طور پر حکومت کی جانب سے نوٹیفائیڈ مویشی منڈی میں منتقل کیا جائے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر ہدایات پر عمل نہ کیا گیا تو قانون حرکت میں آئے گا، سخت قانونی کارروائی ہوگی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر (FIR) بھی درج کروائی جائے گی۔
اسسٹنٹ کمشنر دینہ کا کہنا تھا کہ قانون کی عملداری اور شہری نظم و ضبط پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ کسی کو بھی سرکاری قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دی جائے گی اور نہ ہی غیر قانونی کاروباری سرگرمیوں کو برداشت کیا جائے گا۔ دورے کے اختتام پر انہوں نے متعلقہ محکموں کو الرٹ کرتے ہوئے حکم دیا کہ منگلا روڈ اور اس کے اطراف میں سخت نگرانی رکھی جائے تاکہ عوامی مفاد کا تحفظ یقینی ہو سکے۔
انتظامیہ کے اس سخت ایکشن کے بعد اب غیر قانونی سیل پوائنٹس قائم کرنے والوں کے پاس صرف ایک ہی راستہ بچا ہے، اور وہ ہے قانون پر عملداری۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ ان ہدایات پر کتنی جلدی عمل درآمد ہوتا ہے
محمد اقبال خان بیورو چیف اے جی این نیوز جہلم