ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے عیدالاضحیٰ کے سلسلے میں قائم مویشی منڈی کا دورہ کیا

0

جہلم (اقبال خان) ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے عیدالاضحیٰ کے سلسلے میں قائم مویشی منڈی کا دورہ کیا جہاں انہوں نے انتظامات، صفائی ستھرائی، سکیورٹی، پارکنگ، پانی کی فراہمی اور دیگر شہری سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کا مقصد شہریوں اور بیوپاریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا تھا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر جہلم آفتاب اشرف بھی موجود تھے جبکہ متعلقہ محکموں کے افسران نے ڈپٹی کمشنر کو جاری انتظامات اور سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے مختلف حصوں کا معائنہ کرتے ہوئے صفائی اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن نے متعلقہ افسران اور عملے کو ہدایت کی کہ خریداروں اور بیوپاریوں کے لیے تمام بنیادی سہولیات ہر صورت یقینی بنائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مویشی منڈی میں صفائی، نظم و ضبط اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے تمام ادارے مکمل ذمہ داری کے ساتھ فرائض سرانجام دیں۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو اور شکایات کے فوری ازالے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر بہترین انتظامات اور عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.