ضلع جہلم میں انسداد پولیو مہم بھرپور انداز میں جاری ہے

مہم کے پہلے روز 75,449 بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے گئے

0

 

 

 

جہلم( اقبال خان ): ضلع جہلم میں انسداد پولیو مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔ مہم کے پہلے روز 75,449 بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے گئے جبکہ مہم کے دوسرے روز 76,303 بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ پہلے روز 8 انکاری بچوں کے والدین کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے قائل کیا گیا، جس کے بعد ان بچوں کو بھی قطرے پلائے گئے۔ پانچ روزہ پولیو مہم کے دوران ضلع بھر میں 2 لاکھ 29 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے حفاظتی قطرے پلانے کا ٹارگٹ ہے۔ مہم کی کامیاب تکمیل اور ہر بچے تک رسائی یقینی بنانے کے لیے 1,094 فیلڈ ٹیمیں، 74 فکسڈ ٹیمیں اور 24 ٹرانزٹ ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ مہم کی مؤثر نگرانی کے لیے 223 ایریا انچارجز کو بھی ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے والدین سے اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور اپنے بچوں کو حفاظتی قطرے لازمی پلوائیں تاکہ پاکستان کو پولیو سے پاک ملک بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے اور اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے عوام کا تعاون بے حد اہم ہے

Leave A Reply

Your email address will not be published.