اسسٹنٹ کمشنر ثمینہ بشیر کا گاؤں پیل بنے خان کا دورہ، گھر گھر جا کر شہریوں سے صفائی کی سہولیات کے بارے میں رائے بھی حاصل کی
سوہاوہ: ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت دیہی علاقوں میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ، اسسٹنٹ کمشنر ثمینہ بشیر کا گاؤں پیل بنے خان کا دورہ، گھر گھر جا کر شہریوں سے صفائی کی سہولیات کے بارے میں رائے بھی حاصل کی۔
جہلم(اقبال خان):وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت دیہی علاقوں میں صفائی ستھرائی کے نظام کو مؤثر بنانے، کوڑا کرکٹ کی بروقت تلفی اور عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے جاری اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔
اسی سلسلے میں اسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ ثمینہ بشیر نے پروگرام کے تحت جاری خصوصی اقدام **”ایک دن، ایک گاؤں”** کے سلسلے میں گاؤں پیل بنے خان کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے صفائی ستھرائی کے انتظامات، ویسٹ مینجمنٹ سرگرمیوں اور مجموعی سروس ڈلیوری کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے مختلف علاقوں اور گلی محلوں میں صفائی کی صورتحال کا معائنہ کیا اور متعلقہ عملے کی جانب سے کوڑا کرکٹ اکٹھا کرنے، فضلہ جات کی بروقت منتقلی اور تلفی سمیت صفائی کے دیگر انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اس امر کا بھی مشاہدہ کیا کہ دیہی آبادیوں میں صفائی کی سہولیات کس حد تک مؤثر انداز میں فراہم کی جا رہی ہیں۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ثمینہ بشیر نے صرف دفتری بریفنگ پر اکتفا کرنے کے بجائے مقامی رہائشیوں سے گھر گھر جا کر ملاقات کی اور صفائی کی سہولیات، عملے کی کارکردگی اور ویسٹ مینجمنٹ کے حوالے سے عوامی آراء اور شکایات بھی دریافت کیں۔
مقامی رہائشیوں کی جانب سے مجموعی طور پر مثبت ردعمل سامنے آیا، جبکہ گاؤں میں صفائی ستھرائی کی صورتحال بھی تسلی بخش پائی گئی۔
اسسٹنٹ کمشنر ثمینہ بشیر نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ صفائی کے انتظامات میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہ کی جائے، کوڑا کرکٹ کو مقررہ اوقات میں اٹھانے اور فضلہ جات کی بروقت تلفی کو یقینی بنایا جائے، جبکہ صفائی کی خدمات کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے ان کے معیار میں مزید بہتری لائی جائے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کا مقصد صرف عارضی صفائی نہیں بلکہ دیہی اور شہری علاقوں میں مستقل بنیادوں پر صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ہے، جس کے لیے انتظامیہ، متعلقہ اداروں اور عوام کو مشترکہ طور پر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
واضح رہے کہ **”ایک دن، ایک گاؤں”** اقدام کے تحت دیہی علاقوں میں صفائی کے انتظامات کی نگرانی، عوامی مسائل کی نشاندہی اور سروس ڈلیوری کو بہتر بنانے کے لیے فیلڈ وزٹس کا سلسلہ جاری ہے۔