تحریر۔ نبیل علی
ہمت کارڈ اور دھی رانی پروگرام: پنجاب حکومت کا نیا فلاحی اقدام۔
حکومت پنجاب نے خصوصی افراد اور مستحق خاندانوں کی مدد کے لیے دو نئے فلاحی پروگرام "ہمت کارڈ” اور "دھی رانی پروگرام” کا آغاز کیا ہے، جو وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایات پر عمل میں لائے گئے ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد معاشرے کے ان افراد کو مالی امداد فراہم کرنا ہے جو اپنی بنیادی ضروریات پوری کرنے میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان پروگراموں کے ذریعے حکومت پنجاب ان خاندانوں کی زندگی میں مثبت تبدیلی لانے اور ان کی مشکلات کم کرنے کا عزم رکھتی ہے۔ پہلا پروگرام "ہمت کارڈ” ہے، جو خاص طور پر خصوصی افراد کے لیے ترتیب دیا گیا ہے۔ جس کے تحت خصوصی افراد کو ماہانہ مالی امداد فراہم کی جاتی ہے تاکہ وہ اپنی روزمرہ کی ضروریات کو بہتر طور پر پورا کر سکیں اور انہیں مالی پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اب تک اس پروگرام کے تحت ضلع جہلم میں 1083 ہمت کارڈ بینک آف پنجاب کو جاری کیے جا چکے ہیں، جن میں سے 947 کارڈز خصوصی افراد میں تقسیم کیے جا چکے ہیں جبکہ مزید 136 افراد کو بھی جلد یہ کارڈ فراہم کر دیے جائیں گے۔ اس اقدام سے خصوصی افراد کو ایک مستقل مالی سہارا فراہم کیا گیا ہے، جس سے وہ اپنی زندگی میں بہتری لا سکتے ہیں اور کسی پر انحصار کیے بغیر اپنی ضروریات پوری کر سکتے ہیں۔ دوسرا پروگرام "دھی رانی” کے نام سے شروع کیا گیا ہے، جو غریب اور نادار خاندانوں کی بیٹیوں کی شادی کے اخراجات کو پورا کرنے میں معاونت فراہم کرتا ہے۔ اس پروگرام کے تحت مستحق والدین اپنی بیٹیوں کی شادی کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔ اس کے بعد قرعہ اندازی کے ذریعے مستحق خاندانوں کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ منتخب خاندانوں کو وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے ایک لاکھ روپے سلامی کے ساتھ شادی کی تقریب اور کھانے کا انتظام بھی کیا جاتا ہے۔ علاوہ ازیں، نئے شادی شدہ جوڑوں کو فرنیچر، کپڑے، ڈنر سیٹ اور روزمرہ استعمال کی دیگر اشیاء بھی تحفے کے طور پر دی جاتی ہیں تاکہ وہ اپنی نئی زندگی کا آغاز باوقار طریقے سے کر سکیں اور مالی بوجھ محسوس نہ کریں۔ یہ دونوں پروگرام حکومت پنجاب کے فلاحی اقدامات کی ایک اہم کڑی ہیں، جن کا مقصد معاشرتی استحکام، مساوات اور ضرورت مند افراد کی زندگی میں آسانیاں پیدا کرنا ہے۔ "ہمت کارڈ” اور "دھی رانی پروگرام” سے نہ صرف خصوصی افراد کو مالی مدد فراہم کی جا رہی ہے بلکہ غریب اور مستحق خاندانوں کو بھی ایک باعزت زندگی گزارنے کا موقع دیا جا رہا ہے۔ ان اقدامات سے حکومت پنجاب کی سماجی فلاح و بہبود کے لیے سنجیدہ کوششوں کا اظہار ہوتا ہے، جو معاشرے کے ان پسے ہوئے طبقات کو آگے بڑھنے اور خود مختار زندگی گزارنے کے مواقع فراہم کرتی ہیں۔