عالمی یوم جنگلات مشیر صحت پنجاب جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر کیانی اور ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے سماجی شخصیات، طلبہ، سرکاری افسران اور ملازمین کے ہمراہ پودے لگا کر شجرکاری مہم کا باضابطہ آغاز

0

 

 

جہلم(اقبال خان ): عالمی یوم جنگلات کے موقع پر پلانٹ فار پاکستان مہم کے تحت بجوالہ فاریسٹ میں خصوصی شجرکاری تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں مشیر صحت پنجاب جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر کیانی اور ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے سماجی شخصیات، طلبہ، سرکاری افسران اور ملازمین کے ہمراہ پودے لگا کر شجرکاری مہم کا باضابطہ آغاز کیا۔ میگا شجرکاری مہم کے تحت ایک ہی دن میں ضلع بھر میں 5 ہزار سے زائد پودے لگائے گئے، وزیراعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر رواں سال کے دوران ضلع میں لاکھوں پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ بجوالہ فاریسٹ میں تقریب محکمہ جنگلات کے زیر اہتمام منعقد کی گئی، جس میں مشیر صحت پنجاب جنرل (ر) اظہر کیانی اور ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس مہمانِ خصوصی تھے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صبا سحر، اسسٹنٹ کمشنر جہلم شمس الرحمٰن، سماجی شخصیات، سکولوں کے سربراہان اور دیگر اعلیٰ افسران بھی شریک تھے۔ سول سوسائٹی، طلبہ، سرکاری افسران اور محکمہ جنگلات کے ملازمین نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور شجرکاری کے عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ اس موقع پر شرکاء نے نہ صرف پودے لگائے بلکہ شجرکاری کے فروغ اور ماحولیاتی تحفظ کے عزم کا بھی اظہار کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر صحت پنجاب جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر کیانی نے کہا کہ پلانٹ فار پاکستان دراصل پلانٹ فار فیوچر ہے اور اس مہم کی کامیابی ملک کے بہتر مستقبل کی ضامن ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے زیادہ سے زیادہ درخت لگانا ضروری ہے کیونکہ یہی درخت ماحولیاتی استحکام میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ شجرکاری مہم کو صرف پودے لگانے تک محدود نہ رکھیں بلکہ ان کی مناسب دیکھ بھال کو بھی یقینی بنائیں تاکہ یہ درخت پروان چڑھ کر ملک کو سرسبز و شاداب بنانے میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔ ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے اپنے خطاب میں کہا کہ ضلعی انتظامیہ سرسبز جہلم، سرسبز پاکستان کے مشن پر عمل پیرا ہے اور اس مہم کے تحت نہ صرف بجوالہ فاریسٹ بلکہ ضلع بھر کے سرکاری دفاتر، سکولوں، کالجوں اور محکمہ جنگلات کی اراضی پر بھی لاکھوں پودے لگائے جائیں گے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پودوں کی مسلسل دیکھ بھال اور حفاظت کے لیے موثر حکمت عملی اختیار کی جائے گی تاکہ یہ درخت پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات سے محفوظ رکھنے میں معاون ثابت ہوں۔ تقریب کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے مہمانِ خصوصی مشیر صحت پنجاب جنرل (ر) ڈاکٹر اظہر کیانی کو پلانٹ فار پاکستان مہم میں شرکت پر خصوصی شیلڈ پیش کی اور ان کی آمد پر شکریہ ادا کیا

Leave A Reply

Your email address will not be published.